اوول ۔ 23 نومبر (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ءایونٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا جو 18 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت گروپ بی جبکہ تین روایتی حریف آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ گروپ اے میں شامل ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 4 جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا اور 18 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو تیسری بار ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا، دو مرتبہ انگلش ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تاہم پہلی بار اسے ویسٹ انڈیز اور دوسری بار بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، عالمی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش گروپ اے جبکہ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور جنوبی افریقہ گروپ بی میں شامل ہیں۔