13.8 C
Islamabad
پیر, فروری 24, 2025
ہومکھیل کی خبریںآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ،بھارت نے پاکستان کواہم میچ میں...

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ،بھارت نے پاکستان کواہم میچ میں 6 وکٹوں سےشکست دے دی

- Advertisement -

دبئی۔23فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اہم میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا،پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بناکرآئوٹ ہو گئی، جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے ۔

یہ ان کے کیریئر کی 51 ویں سنچری ہے اور اس شاندار اننگز کے ساتھ انہوں نےتیز ترین 14 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ہیں، شریاس آئیر نے نصف سنچری سکور کی۔ ویرات کوہلی کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اس شکست کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی انتہائی مشکل ہو گئی ہے، گرین شرٹس کو چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ بابر اعظم اور امام الحق نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

- Advertisement -

بابر اعظم پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بنا کر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر کے ایل راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ امام الحق بدقسمت رہے اور 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ جلد دو وکٹیں گر جانے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 104 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ٹیم بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گی مگر رضوان اور سعود شکیل کے آئوٹ ہونے کے بعد باقی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے ۔

محمد رضوان تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 46 رنز بنا کر اگزر پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ اگلے اوور میں ہاردیک پانڈیا نے سعود شکیل کو 62 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ طیب طاہر کو روندرا جدیجا نے 4 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کیا۔ سلمان آغا چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر روندرا جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کلدیپ یادیو نے اگلی ہی گیند پر شاہین آفریدی کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ نسیم شاہ کو بھی کلدیپ یادیو نے 14 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ حارث رؤف 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنا کر ہراشیت رانا کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے تین ، ہاردیک پانڈیا نے دو جبکہ ہراشیت رانا ، اگزر پٹیل اور روندرا جدیجا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ویرات کوہلی نے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں شریاس آئیر 56 اور شبمن گل 46 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ کپتان روہیت شرما 20 اور ہاردیک پانڈیا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کے درمیان تیسری وکٹ میں 114 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم ہوئی۔ شاہین آفریدی نے دو جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565168

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں