15.5 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومکھیل کی خبریںآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش...

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

- Advertisement -

راولپنڈی ۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا،نیوزی لینڈ کی فتح کے ساتھ ہی پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں میگا ایونٹ سے باہر ہو گئیں ،بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے، نجم الحسن شانتو 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، مائیکل بریسویل نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف ریچن روندرا کی شاندار سنچری کی بدولت 46.1 اوورزمیں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ریچن روندرا نے 112 رنز کی دلکش اننگز کھیلی،مائیکل بریسویل کو مرد میدان قرار دیا گیا۔پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ تنزید حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو نے اننگز شروع کی اور 45 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

تنزید حسن 24 رنز بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان 64 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب مہدی حسن میراز 13 رنز بنانے کے بعد ول او رورک کی گیند پر مچل سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ توحید ہردوئی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اپنے اگلے اوور میں مائیکل بریسویل نے سینئر بیٹر مشفق الرحیم کو 2 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ محمد اللہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 4 رنز بنانے کے بعد مائیکل بریسویل کا نشانہ بن گئے۔

- Advertisement -

نجم الحسن شانتو نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کی اور 77 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعدمائیکل بریسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ رشاد حسین ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنا کر میٹ ہینری کی گیند پر مچل سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ذاکر علی 45 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ تسکین احمد 10 رنز پر کائل جمیسن کا شکار بن گئے۔ اس طرح بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ مائیکل بریسویل نے شاندار باؤلنگ کی اور 26 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ول او رورک نے دو جبکہ کائل جمیسن اور میٹ ہینری نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں ول ینگ بغیر کوئی رن بنائے تسکین احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ چوتھے اوور کی تیسری گیند پر ناہید رانا نے تجربہ کار بیٹر کین ولیمسن کو 5 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔

اس موقع پر ڈیون کونوے اور ریچن روندرا نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 72 تک پہنچا دیا۔ ڈیون کونوے 30 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ ریچن روندرا اور ٹام لیتھم نے چوتھی وکٹ میں 129 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔ روندرا نے شاندار سنچری سکور کی اور 112 رنز بنا کر رشاد حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹام لیتھم نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہو گئے ۔ گلین فلپس 21 اور مائیکل بریسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد ، ناہید رانا ، مستفیض الرحمن اور رشاد حسین نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565741

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں