اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):بھارت نے دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور228 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں بھارت نے 229 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔بنگلادیش کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، اور ابتدائی 5 کھلاڑی صرف 35 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔اوپنر سومیا سرکار اور مہدی حسن کو محمد شامی جب کہ کپتان نجم الحسن شنتو کو ہرشت رانا نے پویلین لوٹایا۔
بنگلادیش کے تنزید حسن اور مشفق الرحیم کو اکشر پٹیل نے آؤٹ کیا۔5 وکٹیں گرنے کے بعد ذاکر علی اور توحید ہردوئے نے 154 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی ، 189 کے مجموعی اسکور پر ذاکر علی 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔توحید ہردوئے نے شاندار 100 رنز مکمل کیے اور آخری اوور میں آؤٹ ہوئے، ان کے علاوہ تنزید حسن نے 25 اور رشاد حسین نے 18 رنز بنائے، سومیا سرکار اور نجم الحسین صفر پر آؤٹ ہوئے، مشفیق الرحیم اور تنظیم حسن بھی کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہرشت رانا نے 3 اور اکشر پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے شبمن گل کے ساتھ اننگ کا آغاز کیا۔روہت شرما 41 اور ویرات کوہلی نے 22 رنز بنائے، شریاس ایئر 15 اور اکشر پٹیل 8 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ شبمن گل 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ، انہوں نے اپنی اننگ میں 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔کے ایل راہول 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شبمن گل بیٹنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔