آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد

154
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد

دبئی ۔20فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ آئی سی سی کے مطابق میچ میں پاکستان نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کروایا تھا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے قومی ٹیم پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت جرمانہ عائد کیا۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کو قبول کر لیا جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ میچ میں آن فیلڈ امپائرز رچرڈ کیٹلبرو اور شرف الدولا، تھرڈ امپائر جوئل ولسن اور فورتھ امپائر ایلیکس وارف نے پاکستان کے خلاف یہ چارج عائد کیا تھا۔

واضح رہے کہ آ ئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت میں اوور مکمل کرنے میں ناکام رہتی ہے تو اسے ہر اوور کی کمی پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔