دبئی۔2نومبر (اے پی پی):انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2021ءکے شیڈول کا اعلان کر دیا، ایونٹ 21 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے میں کھیلا جائے گا،
پاکستانی ویمن ٹیم بنگلہ دیش ویمن کے خلاف 21 نومبر کو ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، کوالیفائر ٹورنامنٹ کی ٹاپ تین ٹیمیں آئندہ برس نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈکپ میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کریں گی۔
منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے تحت ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2021 ٹورنامنٹ 21 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے چار مختلف گراونڈز میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی،
ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آئرلینڈ، پاپوانیوگنی اور ہالینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، زمبابوے اور امریکہ شامل ہیں۔
ہر گروپ سے ٹاپ تین، تین ٹیمیں سپر 6 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جبکہ سپر 6 مرحلے سے ٹاپ تین ٹیمیں آئندہ سال نیوزی لینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈکپ میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کریں گی، اس کے علاوہ کوالیفائر ٹورنامنٹ سے پانچ بہترین ٹیمیں آئی سی سی ویمنز کے اگلے ایڈیشن کیلئے بھی کوالیفائی کریں گی،
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کو 8 ٹیموں سے بڑھا کر 10 کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی ویمن ٹیم ایونٹ میں 21 نومبر کو پہلے میچ میں بنگلہ دیش، 24 نومبر کو دوسرے میچ میں تھائی لینڈ، 27 نومبر کو تیسرے میچ میں زمبابوے جبکہ 29 نومبر کو چوتھے اور آخری میچ میں امریکہ کے مدمقابل ہو گی۔