ہرارے۔8جولائی (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا فائنل کل(اتوار کو) سری لنکا اور نیدرلینڈز کے درمیان ہرارے میں کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیموں نے رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی ہے جبکہ دو بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی ،
ورلڈ کپ کوالیفائر میں سری لنکن ٹیم ناقابل شکست رہی اور تمام 7 میچ جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، نیدرلینڈز نے سپر سکس مرحلے میں پانچ میں سے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ حاصل کی ، دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ اتوار کے روز ہرارے سپورٹس کلب میں ہو گا ، سری لنکا کو ڈاسن شناکا لیڈ کر رہے ہیں جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم سکاٹ ایڈورڈز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ، واضح کہ سپر سکس مرحلے میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔