آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ، پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان، جنوبی افریقن ٹیم دو درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی

57

دبئی۔ 11 فروری (اے پی پی) پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقن ٹیم نے دو درجے ترقی پا کر آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن سنبھال لی، نیپال نے ایک درجہ ترقی پا کر یو اے ای سے 14ویں پوزیشن چھین لی، بلے بازوں میں بابر اعظم بدستور سرفہرست ہیں، فخر زمان ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے، روہت شرما 3 درجے ترقی پا کر ساتویں نمبر پر آ گئے جبکہ ویرات کوہلی 4 درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے، باﺅلرز میں راشد خان بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں، کلدیپ یادیو نے ایک سیڑھی چڑھ کر شاداب خان کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا، عماد وسیم 5 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آ گئے۔ پیر کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس میں کمی کے باجوود 135 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، بھارتی ٹیم 2 پوائنٹس میں کمی کے ساتھ 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جنوبی افریقن ٹیم دو درجے ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئی، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلی گئیں، نیوزی لینڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں اور افغانستان آٹھویں نمبر پر ہے، نیپال نے یو اے ای سے 14ویں پوزیشن چھین لی۔ بلے بازوں میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم سرفہرست ہیں، کولن منرو دوسرے، ایرون فنچ تیسرے اور ایون لیوس چوتھے نمبر پر موجود ہیں، فخر زمان ایک درجہ گر کر چھٹے نمبر پر چلے گئے، روہت شرما نے 3 درجے ترقی کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کر لی، لوکیش راہول تین اور ویرات کوہلی چار درجے تنزلی کا شکار ہوئے ہیں، مارٹن گپٹل چار درجے گر کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، باﺅلرز میں راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں، بھارتی سپنر کلدیپ یادیو نے ایک سیڑھی چڑھ کر شاداب خان کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا، عماد وسیم 5 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، فہیم اشرف ایک درجہ گر کر نویں نمبر پر چلے گئے، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر 4 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئے، انہوں نے دسویں پوزیشن سنبھال لی، عمران طاہر 9 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہوتے ہوئے 19ویں نمبر پر چلے گئے، آل راﺅنڈرز میں گلین میکسویل سرفہرست ہیں۔