اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4 نے رواں ماہ کے دوران 71 عوامی آگاہی پروگرام، 390 ٹریفک اپ ڈیٹس اور 9,000 سے زائد روڈ سیفٹی پیغامات نشر کئے۔اتوار کوتعلقات عامہ کے ایک افسر نے بتایا کہ ریڈیو سروس معمول کی نشریات کے ذریعے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر موسم کے انتباہات اور ہنگامی حالات سے آگاہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف ایم 92.4 نہ صرف ٹریفک کی تازہ ترین معلومات فراہم کر رہا ہے بلکہ موسم اور ہنگامی حالات سے متعلق خصوصی پیغامات بھی نشر کر رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے شہری 051-9263184 پر کال کر کے لائیو پروگراموں میں شرکت کر سکتے ہیں اور اپنی قیمتی رائے پولیس کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ٹریفک الرٹ جاری کرنے، حفاظتی نکات ، تفریحی اور معلوماتی پروگرام نشر کرنے کے لیے باقاعدگی سے ایف ایم ریڈیو 92.4 کا استعمال کرتی ہے۔
عوام کو ہنگامی یا موسم سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنے کے لیے سیف سٹی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی انتباہات بھی شیئر کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی پولیس اہلکار کے خلاف شکایات درج کر سکتے ہیں یا 4471 پر میسج کر کے اپنے سوالات شیئر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے لائیو سٹریمنگ سیشنز میں حصہ لے سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس عملی طور پر اور آڈیو ویژول دونوں طریقوں سے عوام کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے پرعزم ہے۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔