اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں جرائم کی روک تھام کے لیے حکمت عملیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ماہ محرم الحرام کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد، ایس پی سیکیورٹی آپریشنز، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ شرکاء نے محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران جرائم پر قابو پانے کی حکمت عملیوں اور جامع سکیورٹی پلاننگ پر تبادلہ خیال کیا۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے اس موقع پر کہا کہ سخت گیر ، اشتہاری مجرموں اور سابقہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والوں کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پٹرولنگ ڈیوٹی کو مزید موثر اور بامقصد بنایا جائے اور ہر افسر فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ فعال جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے، سرعام اسلحہ کی نمائش اور منشیات کی فروخت میں ملوث افراد کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے خاتمے اور قیام امن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں اور کمیونٹی کے ساتھ رابطہ مضبوط کریں۔ڈی آئی جی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ماہ مقدس محرم کے دوران محفوظ اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، غنڈہ گردی اور ون ویلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔