اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس تھانہ کھنہ نے ہفتہ کو بڑی کارروائی کے دوران ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ ’’شاہ جی‘‘ گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کر لیا ۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ریاض، امجد حسین، شہباز حسین، شفیق احمد اور عمران شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ کے ساتھ گولہ بارود، ایک خنجر اور مختلف جرائم میں استعمال ہونے والی لوہے کی پٹی بھی برآمد کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کھنہ اور نیلور تھانوں میں پہلے ہی متعدد مقدمات درج ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے کہا کہ مجرموں کو مثالی سزا دینے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے منظم اور فعال جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔