اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کے تھانہ بنی گالہ نے اتوار کے روز ایک بڑی کارروائی کے دوران ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹرسائیکل، موبائل فون، گھریلو سامان، دیگر مسروقہ سامان اور جرائم میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت محمد ضرار، طارق مسیح، محفوظ احمد، علی رضا اور صدام کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے خلاف بنی گالہ تھانے میں پہلے ہی متعدد مقدمات درج ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے کہا کہ ملزمان کو عبرتناک سزا دینے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سرگرم اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔