اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):آئی ٹی اور اس کی مصنوعات کی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 23.81 فیصد اضافہ ہواہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی 2024 تامارچ 2025 کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی برآمدات سے 2.828 ارب ڈالر زمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران آئی ٹی اور اس کی مصنوعات کی مالیت 2.284 ارب ڈالر رہی تھی۔
اس طرح گزشتہ مالی سا ل کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات میں 0.544 ارب ڈالر یعنی 23.81 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق فروری 2025 کے مقابلہ میں مارچ 2025 کے دوران آئی ٹی کی برآمدات 12.13 فیصد کے اضافہ سے 305 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 342 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔
واضح رہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی استعداد سے استفادہ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے اور ریاض میں منعقد ہونے والی ایل ای اے پی 2025 نمائش میں 100 سے زیادہ آئی ٹی کی پاکستانی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور خدمات وغیرہ کی نمائش کی۔
دوسری جانب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ملکی صنعت سعودی عرب کو سالانہ بنیاد پر اپنی برآمدات میں دو گنا اضافہ کے لئے اقدامات کررہی ہے اور اس حوالہ سے سعودی عرب کو 50 ملین ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ مزید برآں پاکستانی سٹارٹ اپس بھی مختلف قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لئے مختلف فنڈنگ پروگرامز پر عمل پیرا ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585700