کراچی۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ وزارت آئی ٹی کے ایکسپورٹس میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے، 2019-2020 میں آئی ٹی ایکسپورٹس 1.4 بلین امریکی ڈالر سے بڑھ کر اس سال 30 جون تک 2.1 بلین امریکی ڈالر رہی، 30 جون تک ہم نے 70 فیصد اضافے کے ساتھ 3.5 بلین امریکی ڈالر ایکسپورٹ کا ہدف مقرر کیا ہے ، اگلے پانچ سال کے اندر آئی ٹی ایکسپورٹس کو 10 سے 15 بلین امریکی ڈالر تک لے کر جائیں گے اوریہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ انڈسٹری بنے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بنائی گئی ڈیجیٹل اسٹوڈیوکے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
قبل ازیں کراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی اور کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پریس کلب میں ڈیجیٹل اسٹوڈیوبنانے پر وفاقی وزیر امین الحق کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر امین الحق نے اسٹوڈیوں کا افتتاح کیا اور مختلف حصوں کا جائزہ بھی لیا ۔
وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ میں کراچی پریس کلب کا اہم کردار رہا ہے اور پریس کلب میں خود گزشتہ کئی عشروں سے تواتر کے ساتھ مقررہ وقت پر انتخابات منعقد ہوتے ہیں جو اچھی روایت ہے ۔انہوں نے پریس کلب میں اسٹوڈیوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ نئی نئی ٹیکنالوجیز آرہی ہیں،ہماری وزارت اپ لوگوں کی جو خدمت کرسکتی ہے ہم ہر وقت تیار ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور ، ملتان ، پنڈی ، پشاور میں صوبائی حکومتوں نے میٹروز بنائیں لیکن کراچی میں سندھ حکومت کی بجائے وفاقی حکومت گرین لائن بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی ماہ گرین لائن بسیں چلنا شروع ہوجائے گی۔سید امین الحق نے کہا کہ کے فور منصوبہ بھی مقررہ وقت پر مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کا جب پنجاب اور خیبر پختونخوا سے موازنہ کرتا ہوں تو مجھے افسوس ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کو ہرسال این ایف سی سے 800 ارب سے زیادہ روپے ملتے ہیں ، تین سالوں کا بھی اگر حساب لگالیا جائے تو 2400 ارب روپے سے زیادہ سندھ حکومت کو مل چکے ہیں لیکن مجھے کوئی پورے صوبے ایک یونین کونسل بتادیں جس کو ماڈل یونین کونسل کہا جاسکتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں کوڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کے لئے بھی اربو ں روپے خرچ کئے ہیں لیکن اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے اورجب بھی اس حوالے سے ان سے رابطہ کیا ہے تو ان کی طرف سے مثبت جواب نہیں ملا ۔
انہوں کہا کہ دیہی علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کے اس پروگرامز سے ایک کرروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوسکے گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں تاکہ وزارت کی جانب سے ان کو ٹیکنالوجی کے حوالے سے سہولیات فراہم کی جائے اس کے علاوہ اندرون سندھ یونیورسٹیز میں بھی مزید تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام وزارتیں پیپرلیس ہوچکی ہے اور فائیلوں کی بجائے نیٹ پرکام کررہی ہے اور کابینہ کا اجلاس بھی پیپرلیس ہوچکا ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کے بچت کے ساتھ ساتھ ماحول کو ماحول دوست بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلاہدف پارلیمنٹ کو پیپرلیس کرنا ہے اور اس کے لئے دسمبر 2022 کا ہدف مقررکیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک ایپ تیار کیا ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں اب ایک ہی نمبر پر تمام اداروں سے رابطہ ممکن ہوگا اور جلد ہی ایپ کا افتتاح کردیں گے ۔