آئی ٹی سروسز کی عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے جامع مارکیٹنگ حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے، شہزاد علی ملک

152
Shahzad Ali Malik
Shahzad Ali Malik

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):چیئرمین رائس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ آئی ٹی سروسز کی تیزی سے پھیلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے اور پاکستان کواس کے ترجیحی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے جامع مارکیٹنگ حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو آئی ٹی پروفیشنلز کے سی ای او میاں فیض بخش کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ڈیٹا سینٹرز سمیت آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے آئی ٹی کمپنیوں کے لیے ماحول کو سازگار بنانے اور انہیں راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ملکی معیشت کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہےکیونکہ آئی ٹی سیکٹر اقتصادی ترقی کا ایک اہم محرک ہے جو ملکی مارکیٹ کی ترقی، غیر ملکی تجارت، ای۔گورنمنٹ کے اقدامات اور فن ٹیک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے معاشی ترقی کو متحرک کرنے کے لیے پاکستان کو ملک بھر میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بڑھانے اور آبادی میں ڈیجیٹل خواندگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ آئی ٹی کمپنیوں کے لیے کاروباری آسانیوں ، انتظامی طریقہ کار میں بہتری اور ٹیکس مراعات سے آئی ٹی کے شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکتا ہے۔

آئی ٹی انڈسٹری میں مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ٹی سیکٹر میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے وسائل اور مراعات مختص کرے اور ریسرچ کو فروغ دے اس کے نتیجے میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور آئی ٹی سلوشنز تیار ہوں گے جنہیں بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کیا جا سکتا ہے۔

شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ مزید ٹیکنالوجی پارکس پارکس اور انکیوبیٹرز کا قیام وقت کی ضرورت ہے جو انفراسٹرکچر، رہنمائی اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔ اس سے سٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں کو ترقی کے مواقع مل سکتے ہیں۔ حکومت کو ڈیجیٹل فری لانسنگ انڈسٹری کی گروتھ کیلئے فری لانسنگ ہبز قائم کرنے، آن لائن ادائیگیوں کے نظام کو آسان اور محفوظ بنانے اور بین الاقوامی کلائنٹس کے لیے ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی کیلئے ٹریننگ کورسز شروع کرنا ہوں گے۔