آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کی سرپرستی کرکے بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، گورنر پنجاب

66
گورنر پنجاب

لاہور۔25فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر حان نے شاہی قلعہ ارض گاہ میں لاہور ٹریڈ اتھارٹی کے زیراہتمام نیشنل فینالے اور کلچرل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کی سرپرستی کرکے بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، جس کیلئے حکومتی اور نجی سیکٹر میں محنت کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جدید دورمیں آئی ٹی کا بہت سکوپ ہے، اس سیکٹر پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کے ایک سال میں چیزیں بہتر ہونا شروع ہوچکی ہیں اوراگلے تین چار سالوں میں ملک مزید بہتری کی طرف جائے گا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے بطور گورنر ہر وقت حاضر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کشکول کو توڑنا ہے اور اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں ، ہمارے پاس ہر طرح کے وسائل موجود ہیں۔ تقریب میں سینیٹر انوشہ رحمان، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ابو زر شاد،ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی رافعہ سید اور سی ای ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی فیض بھی موجود تھے۔