آئی ٹی کی برآمدات اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے حکومت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،سید امین الحق

175

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے حکومت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،آئی ٹی ایکسپورٹ سوا دو ارب ڈالرز سے تجاوز کرچکی، 3 ارب ڈالرز کا ہدف حاصل کرلیں گے،ملک کے 5 بڑے شہروں کے علاوہ فیصل آباد اور حیدرآباد میں نئے انکوبیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں 2020 کے مقابلے پاکستانی اسٹارٹ اپس کی سرمایہ کاری میں تقریبا 5 گنا اضافہ ہوا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں گریجویشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد، اگنائیٹ کے چیف ایگزیٹو آفیسر عاصم شہریار حسین، این آئی ٹی بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور اگنائیٹ کے چیئرمین بورڈ سید حسنین عباس کاظمی اور دیگر عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزارت آئی ٹی اپنے ادارے اگنائٹ کے ذریعے اسٹارٹ اپس کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے، اسٹارٹ اپس کیلئے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے، ملک کے 5 بڑے شہروں کے علاوہ فیصل آباد اور حیدرآباد میں نئے انکوبیشن سینٹرز قائم کیے گئے، 2020 کے مقابلے میں پاکستانی اسٹارٹ اپس کی سرمایہ کاری میں تقریبا 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہاکہ حکومت نے کاروباری اور مالیاتی نظام کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیںآئی ٹی کی برآمدات گزشتہ سال 2.1 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی تھیں اور اس سال کا ہدف 3 بلین ڈالر ہے۔

سید امین الحق نے مزید کہا کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (این آئی سی) سے سرمایہ کاری کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے اور حوصلہ افزائی فراہم ہو گی حیدر آباد اور فیصل آباد کے نئے قائم ہونے والے انکیوبیشن سینٹرز ہمیں سندھ اور پنجاب کی صلاحیتوں کو وسعت دینے اور اس سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کریں گے، ہم نوجوانوں کے خیالات کو حقیقت میں لانے کے لیے ایک فورم فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیرسید امین الحق نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔