تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات کے مقابلہ کے لئے طلبا ء انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں کو بہتر بنائیں ،وفاقی وزیر سید امین الحق

136
،سید امین الحق
،سید امین الحق

کراچی۔ 02 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے نوجوانوں خصوصاً طلبا ءکو مشورہ دیا کہ وہ اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں کو بہتر بنائیں تاکہ دنیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات کا مقابلہ کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں اورنگی ٹائون نمبر 9میں ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز سکول میں ڈیجیٹل آئی ٹی لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز سکول میں جدید ترین ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، پرنٹرز اور تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکشن سے لیس ایک جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیب قائم کی گئی ہے تاکہ طالبات کو آئی ٹی کی مہارتیں سیکھنے میں آسانی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت میں طلباء کو 15 مختلف جدید آئی ٹی شعبوں کی تربیت مفت دی جائے گی جہاں طلبا ڈیٹا تجزیہ، فری لانسنگ، ای کامرس، گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو اینی میشن، کنٹینٹ رائٹنگ سمیت آئی ٹی کی مہارتیں سیکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کے ساتھ ساتھ سکول سے کامیابی سے پاس ہونے والے طلباء کو بھی آئی ٹی لیب میں سیکھنا اور تربیت حاصل کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، بس اسے پروان چڑھانے کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ میٹرک تک طلباء بہترین آئی ٹی پروفیشنل بن جائیں گے اور تربیت مکمل کرنے والا ہر طالب علم اپنے خاندان کے لیے روٹی کمانے والا بن کر سامنے آئے گا۔ .وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ یہ ہنر مند نوجوان نسل پاکستان کی معیشت کو بھی مضبوط معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں کی سطح پر اس طرح کی تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا مقصد آئی ٹی کی برآمدات کو 15 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانا ہے۔سید امین الحق نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی نے ملک بھر میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مزید فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں

۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ مراعات اور سہولیات کی فراہمی اور فری لانسنگ پالیسی کے ذریعے آئی ٹی برآمدات کو ریکارڈ سطح پر لے جانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت نے اسکولوں میں آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی ہیں اور اب طلبا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ کامیاب طلبا کو آئی ٹی لیب سے کورسز کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جائیں گے۔ اس قسم کی لیبز طالب علموں، خاص طور پر لڑکیوں کو جدید آئی ٹی کی مہارتیں آسانی سے سیکھنے اور گھروں سے کام کرکے کمانے میں مدد فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ابراہیم علی بھائی اسکول کے پرنسپل کو مطلع کیا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اب اس سہولت کو کم از کم اگلے پانچ سالوں تک برقرار رکھنے اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے۔

اس موقع پر سید امین الحق نے لیب کا معائنہ بھی کیا اور طلبا ءسے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔انہوں نے قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ابراہیم علی بھائی سکول کے طلبا اور اساتذہ کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا۔سید امین الحق نے کہا کہ ہماری وزارت نے سیلولر فونز کی مینوفیکچرنگ پالیسی بنائی تھی اور اب ملک میں 28سے 29موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیاں بشمول نامور بین الاقوامی برانڈز کام کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں ہمیں سستی قیمت پر سمارٹ فون مل رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ تقریبا ڈیڑھ سال قبل اورنگی ٹائون میں ورچوئل یونیورسٹی کا کیمپس بھی قائم کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کے علاوہ، یونیورسٹی 3 ماہ اور 6 ماہ کے ڈپلومہ کورسز بھی پیش کر رہی ہے۔اورنگی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم جلد ہی یوسی 19 اورنگی میں میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل کمپلیکس میں صحت کی سہولیات، ایمبولینس اور تابوت بردار بس سروس بھی دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹائون میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران انفراسٹرکچر کی ترقی کے بہت سے منصوبے جیسے سڑکیں، سٹریٹ لائٹس، سیوریج سسٹم اور دیگر کام کامیابی کے ساتھ مکمل کیے گئے۔اپنے خطاب میں رکن سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ سید امین الحق نے بلا تفریق عوام کی خدمت کی جو مثال قائم کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ایم پی اے نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی حیثیت سے، سید امین الحق نے ملک بھر میں اربوں روپے کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں کا کامیابی سے آغاز کیا۔

قبل ازیں اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم شہریار حسین نے کمپنی کی کارکردگی اور مختلف جاری، کامیاب اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کی ہدایت پر یہاں راشد منہاس گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سکول ناظم آباد میں چند روز قبل ڈیجیٹل آئی ٹی لیب قائم کی گئی تھی اور اب یہ اورنگی ٹائون میں دوسری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ یہ ڈیجیٹل لیب طلبا کو اپنے مستقبل کو روشن کرنے میں مدد دے گی۔اس موقع پر دیگر معززین کے علاوہ ایم پی اے علی خورشیدی، چیف ایگزیکٹو پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ علی رضا، ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز سکول کی پرنسپل نوشاد بیگم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔