32.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومتازہ ترینآئی ٹی کےشعبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی...

آئی ٹی کےشعبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، شعبہ میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہو گی، وزیراعظم شہبازشریف کا ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی کےشعبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ا س شعبہ میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہو گی، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی میں نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کا بڑامنصوبہ بنایا گیا ہے، زراعت ، صنعت ، برآمدات اور دیگر شعبوں میں آئی ٹی اور اے آئی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ منگل کو وفاقی دارالحکومت میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے دنیا بھر سے ڈیجیٹل مندوبین کا کانفرنس میں خیرمقدم کرتےہوئے کہا کہ 11 سے زیادہ دوست ممالک کے آئی ٹی وزرا ء، ڈپٹی وزراء اور آئی ٹی ماہرین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی اثر رکھتی ہے۔ دودہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔ ہم نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں میرٹ پر نوجوانوں میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ ورلڈ بینک کے پروگرام کے تحت دیہی معیشت بالخصوص ایگریکلچرسٹ کو ڈیجیٹائز کیاگیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ڈیجیٹل دنیا میں دستیاب بڑے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئیں جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے شرکا کے تعاون اور رہنمائی سے ہم اس قابل ہو جائیں گے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا میں نمایاں مقام حاصل کریں ۔ ہم پہلے ہی اس شعبے میں بڑے پیمانے پر وفاقی اور صوبائی سطح پر آئی ٹی پارکس ، انکیوبیشن سینٹر ، تحقیق و ترقی کے مراکز اور تربیت سمیت مختلف منصوبوں پر عمل پیر اہیں۔ دنیا کی بہترین کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے پہلے سیف سٹی لاہور کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا گیاہے۔

چین کی کمپنی ہواوے کے ساتھ مل کر سالانہ 2لاکھ طلباء و طالبات کو ہنرمندی کی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے تمام سرمایہ کاروں اور نارتھ امریکا سمیت دیگر کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے ، برآمدات بڑھانے ، صنعت کے فروغ اور پاکستان میں مفید روزگار کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں کئے گئے اعلانات اور عزم حوصلہ افزاء ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان میں اپنےروسی شراکت دار کے ہمراہ 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کااعلان کرنے والی پاکستانی شخصیت کو خصوصی طور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دیگر کاروباری شخصیات کی جانب سے مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کے اعلانات کا بھی بھرپور خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیماالیحییٰ سمیت دیگر مہمانو ں کا خصوصی شکریہ ادا کرتےہوئے تمام شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ذاتی طور پر رہنمائی اور کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غیر متزلزل اور انتھک کاوشوں سے پاکستان آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا کی صف میں کھڑاہوگا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیج ہے۔

حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث گزشتہ نوماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 25فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کیش لیس ٹرانزیکشن پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب لانے میں مدد ملے گی۔حکومت ملک بھرمیں ٹیکنالوجی کے شعبہ سے منسلک ہر فرد کوسہولیات تک رسائی یقینی بنانے کےلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز قائم کررہی ہے۔اس سے سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں آسانی ہوگی۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے 25 سافٹ ویئرز ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے ہیں جن میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاروں کو براڈ بینڈ سمیت دیگر سہولیات رعایت پر فراہم کی جارہی ہیں ،ملک بھرمیں 1900سٹارٹ اپس فعال کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انٹرنیٹ کے استعمال میں 25فیصداضافہ ہوا ہے، یو ایس فنڈ نے 800گائوں میں ہزاروں کلومیٹرز آپٹک کیبل بچھائی ہے جس سے لاکھوں لوگوں کی انٹرنیٹ تک رسائی یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فور جی اور فائیو جی براڈ بینڈ کی توسیع کےلئے 500میگاہرٹز سپیکٹرم دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت دی گئی ہے، افرادی قوت اورڈیجیٹل انفراسٹرکچر تک آسان رسائی سمیت دیگر اقدامات کے تحت مساوی مواقع کے باعث آئی ٹی برآمدات کو فروغ ملا ہے، گزشتہ سال پاکستان کو کم لاگت اور مسابقتی ملک کے طور پر فوقیت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان آئی ٹی کا مرکز بنے گا۔ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحیی ٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پہلے ڈیجیٹل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری فورم 2025 میں شرکت انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد جدت کے حامل سرمایہ کار اور پالیسی ساز ایک چھت کے نیچے جمع ہیں۔ پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل اورعالمی قیادت کا یہ سنہرا دور ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اب کوئی رجحان نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جو معیشتوں کو نئی شکل دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو 2030 تک عالمی جی ڈی پی میں 10 سے 11 ٹریلین ڈالر کا اضافی حصہ ڈالنا چاہیےلیکن یہ تبدیلی معیشتوں سے بڑھ کر قیادت کے عزم اور ایک باہم منسلک دنیا کو متعین کرنے کی صلاحیت کے بارے میں ہے۔

ڈیجیٹل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا یہ فورم اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں قیادت کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری گلوبل کیپٹل کو سٹریٹجک شعبوں جیسے کہ کلائوڈ کمپیوٹنگ ڈیجیٹل سروسز انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی میں شامل کرکےنہ صرف اپنی معیشت کو جدید بنا رہا ہے بلکہ اس کی ڈیجیٹل خودمختاری اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اپنی اقدار اور وژن پر مرکوز مستقبل کی تشکیل کی بھی نشاندہی کر رہی ہے۔

اس موقع پر ’’پاشا‘‘ کے سجاد سید کی طرف سے اپنے شراکت داروں کے ساتھ 600 ملین ڈالرکی نمایاں سرمایہ کاری کے اعلان سمیت غیرملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں تقریبا 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589564

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں