آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کے لئے پرکشش مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے افتتاح کے موقع پر بیان

58
حکومت آئندہ سال دسمبر میں تیز رفتار 5 جی انٹرنیٹ سروس شروع کرے گی، وفاقی وزیر سید امین الحق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
حکومت آئندہ سال دسمبر میں تیز رفتار 5 جی انٹرنیٹ سروس شروع کرے گی، وفاقی وزیر سید امین الحق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے، ہماری کوشش اس شعبہ کے ذریعے ملکی معیشت کو بہتر بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مجموعی معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کو بروئے کار لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت اسلام آباد میں فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے افتتاح کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح جمعرات کو کیا گیا جو سرکاری اور نجی شعبہ کے تعاون کی ایک عمدہ مثال ہے جہاں 40 ہزار مربع فٹ جگہ پر 10 آئی ٹی کمپنیوں نے اپنی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ تین ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک ہے جس کا افتتاح کیا گیا۔ اس سے قبل اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے گلگت آئی ٹی پارک کا افتتاح گزشتہ برس اکتوبر میں چیف آف آرمی سٹاف نے کیا تھا۔ فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب کے لئے اپنے خصوصی بیان میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے اس صنعت سے منسلک کمپنیوں اور ماہرین کو انتہائی پرکشش مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں متعدد منصوبے ہیں جن کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کو اس کی نمو میں مدد فراہم کرنا اور مقامی و برآمدی آمدنی میں مسلسل اضافے کی رفتار کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ حکومت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے لئے مقامی صنعت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اسی سلسلے میں خصوصی اقتصادی زون اور خصوصی ٹیکنالوجی زون کے قیام کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کیلئے وزارت آئی ٹی نے پرکشش مراعات کا آغاز کیا ہے جس میں انکم ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، دیگر ٹیکسوں اور کسٹم ڈیوٹیوں سے 10 سال کی چھوٹ شامل ہے۔ اسی طرح ان زونز کی حدود میں خدمات پر 10 سال کیلئے جنرل سیلز ٹیکس سمیت منافع پر دیگر ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام اس حقیقت پر فخر کرسکتے ہیں کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں کو مصنوعات اور خدمات مہیا کر رہی ہیں۔ جدید ترین ٹیکنالوجی جیسے اے آئی، روبوٹکس اور ڈرائیور لیس کاروں پر پاکستان میں جدید ترین طریقوں سے کام کیا جا رہا ہے اور امریکی کمپنیوں سمیت بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹرز قائم کئے ہیں۔ سید امین الحق نے مزید کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے عروج کی وجہ سے ملک میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی شدید مانگ ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے کہ آپ کے منصوبے پائیدار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ اس میں نجی شعبوں کو مراعات بھی دی جائیں کہ وہ آگے آئیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی تھے جبکہ تقریب میں صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے سینئر عہدیداران بھی شریک تھے۔