چنائی۔24مئی (اے پی پی):چنائی سپر کنگز کی ٹیم چھٹی مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ چار مرتبہ کی چیمپئن چنائی سپر کنگز نے کوالیفائرون میں دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دی۔ گجرات ٹائٹنز کی ٹیم 173 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 157رنز بناسکی۔
رتوراج گائیکواڑ نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں کھیلے گئے لیگ کےکوالیفائر ون میچ میں چنائی سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پ172 رنز بناکردفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کو میچ میں کامیابی کے لئے 173 رنز کا ہدف دیا۔ رتوراج گائیکواڑ نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے، ڈیون کانوے40 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
گجرات ٹائٹنز کے محمد شامی اور موہت شرمانے دو، دو جبکہ راشد خان نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بناسکی۔ شبمن گل 42 اورراشد خان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
چنائی سپر کنگز کے دیپک چاہر،مہیش تھنکشن،رویندر جدیجہ ، میتھیش پاتھیر نے دو، دو جبکہ دیشپانڈے نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔یوں کوالفائر ون میں چنائی سپر کنگز نے دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کو 15 رنز سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔چنائی سپر کنگز کے رتوراج گائیکواڑ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔