آئی پی ایل کھیلنے نہیں جارہا، مستقبل میں ٹیم میں واپسی کا سوچوں گا۔ محمد عامر

50
میں اپنی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں،پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بالر عامر حسن کی گفتگو

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا ہے کہ آئی پی ایل کھیلنے نہیں جارہا، بطور پاکستانی آئی پی ایل کھیلنے کے لئے جائوں تو زیادہ فخر محسوس کروں گا، مستقبل میں حالات سازگارہوئے تو ٹیم میں واپسی کا سوچوں گا، خواہش ہے پاک بھارت تعلقات بہتر ہوں۔

منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ خواہش ہے پاک بھارت تعلقات بہتر ہوں اور دونوں ممالک کے درمیان اچھی کرکٹ ہو، بھارتی شائقین بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو وہاں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال پر محمد عامر نے کہا کہ میرے پاس برطانیہ کا رہائشی کارڈ ہے، برطانوی پاسپورٹ ملتا بھی ہے تو وہ میرا حق ہے۔ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ کسی اور ملک کی نمائندگی کرنے نہیں جارہا اور نہ ہی آئی پی ایل کھیلنے جارہا ہوں۔

محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ٹیم کا ماحول خراب نہ ہو اسی لئے میں الگ ہوگیا تھا، ٹیم کا ماحول خراب ہوگا تو ہمارے ملک کا ہی نقصان ہوگا۔ میرے خلاف بیانات نے مجھے کافی مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے جان بھی حاضر ہے، مستقبل میں جہاں بھی لگا کہ اب حالات بہتر ہیں تو ٹیم میں واپسی کا سوچوں گا۔ پی ایس ایل سے متعلق محمد عامر نے کہا کہ لیگ کے میچز پاکستان میں کھیل کر مزہ آیا اب ابوظہبی میں اپنے جوہر دکھانے کا وقت ہے،

ہم ابوظہبی میں کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔ دبئی میں پاکستان کافی عرصہ سے نہیں کھیلا تو اس لئے وہاں کی کنڈیشنز مشکل ہوں گی۔ محمد عامر نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم میرے لئے فیملی بن چکی ہے۔ کراچی کے لوگوں نے بہت پیار دیا۔ پی ایس ایل 6 کے ابتدائی میچوں میں کراچی نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ ہمارے پاس جو غیر ملکی متبادل کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی بہترین ہیں، ہمارا بائولنگ اٹیک بہترین ہے، کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرامید ہیں۔