آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی سے بجلی کی قیمت کم ہوئی، اپریل تک مزید کمی کی توقع ہے،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

84
آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی سے بجلی کی قیمت کم ہوئی، اپریل تک مزید کمی کی توقع ہے،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کو پارٹنر سمجھتی ہے اور اس کے ساتھ تعاون کے ذریعے معیشت کی بحالی کے لیے پرعزم ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کے فیصلہ کن اقدامات نے معاشی بحالی میں مدد دی اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا ۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور سابق نائب صدر فہیم الرحمان سیگل بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے مختلف ادوار حکومت کے دوران اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ 90کی دہائی میں نواز شریف حکومت نے پہلی مرتبہ معاشی اصلاحات متعارف کرائیں جنہیں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اپنایا اور بھارت آج بھی ان سے فائدہ اٹھارہا ہے۔

رانا تنویر حسین نے بتایا کہ آ ئی پی پیز کے معاہدوں کا جائزہ لینے سے بجلی کی قیمت میں کمی ہوئی ہے اور اپریل تک مزید کمی کی توقع ہے جس سے پیداواری اخراجات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دس ماہ کے اندر پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ جلد ہی یہ سنگل ڈیجٹ پر آجائے گا۔ انہوں نے تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صنعتی اور زرعی شعبوں کو سہارا دینے پر زور دیا اور برآمد کنندگان کو سنٹرل ایشیا اور افریقی منڈیوں کی طرف توجہ دینے کی ہدایت کی۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پالیسی ریٹ کم کرنا خوش آئند ہے لیکن اسے سنگل ڈیجٹ تک لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پالیسی متعارف کرانے سے قبل پہلے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے،صنعتوں میں پیداواری لاگت کا بڑھنا پورے ملک کی معیشت پر اثر انداز ہوتا ہے۔

نائب صدر میاں شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ ایکسپورٹرز کے لیے بیرونی منڈیوں میں مقابلہ مزید مشکل ہو جاتا ہے ،الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینلز کی مقامی پروڈکشن پر زور دینے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں ایس ایم ایز کو فنانسنگ تک رسائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی ٹیکنالوجی اپ گریڈ کر سکیں – صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے قیام کی ضرورت ہے ، صنعتکاروں کو سستی زمین دی جائے،

چین میں پچاس سے ستر سال کے لیے زمین لیز پر دی جاتی ہے، صنعتوں کی ریگولائزیشن اور زمین کی کنورژن فیس میں کمی کے لیے ضروری اقدامات کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے چھاپے، آڈٹ اور نوٹسز خوف و ہراس کی فضا پیدا کرتے ہیں۔

اجلاس میں سابق صدر میاں انجم نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں گدون امازئی اور اب فاٹا/پاٹا کے غلط استعمال کا حکومت نوٹس لے۔محمد علی میاں، علی حسام اصغر اور فہیم الرحمن سہگل نے بھی کاروباری معاملات پر بات کی۔