آبائی حلقے سے مسترد شدہ شخص کے پاس سوائے دھاندلی کے بہانے کے اور کچھ نہیں، ڈاکٹر شہباز گِل کا سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل

120
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی انتخابی نظام پر تنقید شرمناک ہے،نااہل لیگی درباری ماضی میں خود الیکشن چوری کےذریعے اقتدار میں آتے رہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دراصل ‘شریف کو اقتدار دو’ کا نعرہ تھا۔

جمعرات کو شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی انتخابی نظام پر تنقید شرمناک ہے۔ آبائی حلقے سے مسترد شدہ شخص کے پاس سوائے دھاندلی کے بہانے کے اور کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے پروردہ شفافیت سے خائف ہیں۔ نااہل لیگی درباری ماضی میں الیکشن چوری کے ذریعے اقتدار میں آتے رہے، وہ آج عوام کے سامنے بے نقاب ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں سے وعدے سب نے کئے لیکن ان سے ووٹ کے حق کا وعدہ صرف عمران خان نے وفا کیا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین عوام کے ووٹ کی محافظ ثابت ہوگی۔ شہباز گل نے کہا کہ عوام جسے ووٹ دیں گے صرف وہی ایوان میں آ سکے گا۔ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دراصل ‘شریف کو اقتدار دو’ کا نعرہ تھا۔

ای وی ایم کو نوٹوں اور قیمے والے نانوں سےنہیں خریدا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی اور چھانگا مانگا کی سیاست دفن ہوچکی۔