پشاور۔7جولائی (اے پی پی):آبادی میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کی وجہ سے پاکستان ہر سال تقریبا 27,000 ہیکٹر جنگلات کو کھو رہا ہے جس کا زیادہ تر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں کاربن کے اخراج کے عمل پر منفی اثر پڑرہا ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے،نیشنل فارسٹ پالیسی 2015 کے مطابق خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں زیادہ تر اجتماعی اور نجی زمینوں میں جنگلات کی کٹائی سے آبادی میں تیزی سے اضافہ سے سیلاب اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار سابق چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف ڈاکٹر محمد ممتاز ملک نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کاربن کو جذب کرنا انسانوں، جانوروں اور یہاں تک کہ آبی وسائل کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ ہمارے ماحول کو صاف ستھرا بنانے اور درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت کاربن کو جذب کرنے کے بعد ماحول کو پاک کرتے ہیں اور آکسیجن پیدا کرتے ہیں،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تقریبا 3000 جھیلیں ہیں جن میں سے 33 موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچارہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک صنعت کاری اور اقتصادی منصوبوں کی وجہ سے لاکھوں ڈالر کما رہے ہیں تاہم غریب ممالک کو کاربن کریڈٹ کے طور پر کم مالی امداد دیتے ہیں جن کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔سیکرٹری جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات خیبرپختونخوا عابد مجیدنے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو ماحولیاتی تنوع اور جنگلاتی وسائل سے نوازا گیا ہے کیونکہ ملک کے 45 فیصد جنگلات یہاں پر ہیں، ملک کے جنگلاتی کاربن کے 51% ذخیرے کے پی میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کاربن کے گھنے جنگلات معتدل جنگلات ہیں ،کے پی میں تقریبا 170 ٹن کاربن فی ہیکٹر ہے ،ایک ہیکٹر جنگلات کی کٹائی سے بچنے کا مطلب ہے 367 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی شمار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تاریخی طور پر، 2012 سے پہلے جنگلات کی کٹائی اور انحطاط سے سالانہ 40 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ہوتا رہا ہے، جو 50 فیصد تک کم ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اخراج میں سالانہ 20 لاکھ ٹن کمی واقع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ علاقے 10 فیصد سے بڑھ کر 15.6 فیصد ہو گئے ہیں جس کے اخراج میں کمی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، جنگلات کے تحفظ اور بہتر جنگلات کے انتظام کی وجہ سے قدرتی جنگلات ہر سال تقریبا 80 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو الگ کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=316407