اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ آبادی میں بے تحاشہ اضافہ سے ہماری معیشت کی ترقی اور دستیاب وسائل پر دبائو بڑھے گا، اس بدقسمتی سے ہماری قوم غربت، زچگی کی خراب صورتحال، غذائی قلت کے نہ ختم ہونے والے سلسہ کا سامنا کرے گی۔میڈیا اور علماء کرام کو اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوعالمی یوم آبادی پر اپنے ٹویٹس میں کیا،صدر مملکت نے کہاکہ آبادی میں بے تحاشہ اضافہ سے ہماری معیشت کی ترقی اور دستیاب وسائل پر دبائو بڑھے گا۔اس بدقسمتی سے ہماری قوم غربت ، زچگی کی خراب صورتحال ، غذائی قلت کے نہ ختم ہونے والے سلسہ کا سامنا کرے گی۔انہوںنے کہاکہ ہمیں24سے 36ماہ کے بچے کو ماں کا دودھ پلانے کو فروغ دینا چاہئے۔یہ قدرتی عمل بھی ہے اور قرآن پاک کے مطابق بھی ہے ۔اس عرصہ کے دوران ماںخوراک کی کمی کا شکار نہیں ہوگی اور بچے کی نشوونما بھی متاثر نہیں ہو گی۔اس حوالے سے علماء کرام کواپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ وزیر اعظم نے اسے قومی ہنگامی صورتحال قرار دے کرمجھے پاپولیشن ٹاسک فورس کا سربراہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کا کردار اہم ہے۔ میڈیا نے کورونا وبا کے دوران ایس او پیز سے متعلق آگاہی میں نمایاں کام کیا۔ انہوںنے کہاکہ تمام اسلامی ممالک میں اس حوالہ سے جامع مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔