اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں خواندگی کی شرح بڑھنے کی بجائے کم ہو رہی ہے جو قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کےلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اس سلسلہ میں ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پاکستان اور پاکستانیت کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام بین الاقوامی یونیورسٹی اور سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز (سی جی ایس ایس) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ سیمینار سے جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، صدر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش اور (سی جی ایس ایس) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناانصافی پاکستانیت کے جذبہ کو کمزور کرتی ہے جس کا سب سے بڑا سبب دوہرا نظام تعلیم ہے جس کی وجہ سے عوام کی اکثریت ترقی کے مواقع سے محروم رہ جاتی ہے اور ایک چھوٹا سا طبقہ قومی وسائل پر قابض ہو کر ناانصافی کو فروغ دیتا ہے جس کا ہرسطح پر خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ خواندگی کی شرح میں کمی کا باعث بن رہا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں تعلیمی سہولتیں بڑھتی ہوئی آبادی کا ساتھ نہیں دے رہیں، اس چینلج سے نمٹنے کےلئے جنگی بندی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داخلی انتشار اور دہشت گردی کا ایک بہت بڑا سبب بیرونی دشمنوں کی سازشیں ہیں جو ہمارے لوگوں کو ورغلا کر اپنے مقاصد پورے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطہ میں امن و استحکام ہماری خواہش ہے، ہم بھارت کے ساتھ مسائل کا حل، دوستی اور افغاناستان میں استحکام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند کشمیری عوام پر ظلم کی انتہاءکر دی گئی ہے جو ہمارے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں جن کی آنکھوں میں امید کی چمک ہے، یہ جذبہ واضح کرتا ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔ اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش نے اس موقع پر کہا کہ دین مبین کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے وطن سے محبت ہی مسلمان کا ثاثہ ہے، ان دو اصولوں کو اپنا کر پاکستان ہی نہیں اسلامی دنیا بھی اپنے مسائل حل کر سکتی ہے۔ سیمینار سے سی جی ایس ایس کے سربراہ جنرل (ر) ظہیر الاسلام، ٹیکس محتسب چوہدری عبدالرﺅف، انٹرنیشنل اسلامک یونیوسٹی شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کی سربراہ ڈاکٹر آمنہ محمود اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات سابق وفاقی اشفاق احمد گوندل نے بھی خطاب کیا۔