آبپاش علاقوں کے کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کریں،محکمہ زراعت

185
Wheat crop
Wheat crop

سیالکوٹ۔6نومبر (اے پی پی):ایگری کلچر آفیسر(ٹیکنیکل) محکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ ذیشان گوارئیہ نےکہا ہے کہ آبپاش علاقوں کے کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار کے لئےمحکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں کے کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے فخر بھکر15 نومبر تک جبکہ بھکرسٹار10نومبر تا10 دسمبر تک اورعروج22 ،ڈیورم2021،اکبر 19،دلکش20 ،این اے آر سی سپر،غازی19،سبحانی21 ،رہبر21 اور ایم ایچ21 کی کاشت30 نومبر مکمل کریں، اس کے علاوہ جوہر16 ،بورلاگ16 ،زنکول16،اُجالا16 ،اناج17 اور فیصل آباد8 یکم تا10 دسمبر تک مکمل کریں جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے لیے صادق21 اور نواب21 کی کاشت مکمل کریں۔

کاشتکاربوائی کے لیے رواں ماہ کے آخر تک40سے 50 کلوگرام جبکہ یکم تا10دسمبر تک 50سے55کلوگرام بیج فی ایکر استعمال کریں اور بیج کے اُگاؤ کی شرح85 فیصد سےکم نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ گندم کی مختلف بیماریوں میں کانگیاری ، کرنال بنٹ ،گندم کی بلاسٹ اور اکھیڑا وغیرہ زیا د ہ نقصان دہ ہیں جو کہ پیداوار میں نقصان کا باعث بنتی ہیں ان بیماریوں سے بچائو کے لئے بیج کو بوائی سے پہلے تھائیو فنیٹ میتھائل بحساب 2تا اڑھائی گرام فی کلو گرام بیج یا امیڈا کلوپرڈ +ٹیبو کونا زول بحساب 4 ملی لیٹر فی کلو گرام بیج لگائیں۔

بہتر ہے کہ بیج کو زہر لگانے کے لئے گھومنے والا ڈرم استعمال کریں اور میسر نہ ہو تو پلاسٹک کی ایک بوری میں وزن شدہ بیج اور سفارش کردہ زہر ڈال کر بوری کا منہ باندھ کر اوردونوں طرف سے پکڑ کر اچھی طرح ہلائیں تاکہ بیج کے ہردانے کو زہر لگ جائے ، خیال رہے کہ بوری کو تقریباً آدھا بھرا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گندم کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لئے کھیت کا تیاراور ہموار ہونا بہت ضروری ہے۔

وریال کھیتوں میں 2 یا3 دفعہ ہل چلائیں اورجہاں کہیں زمین کوہموار کرنا ضروری ہو کر اہ یالیزرلیولرسے زمین کو ہموار کریں۔انہوں نے کہا کہ راؤنی سے پہلے کھیتوں کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں تاکہ کم پانی سے زیادہ رقبے پر راؤنی ہوسکے، بوائی کا وقت نزدیک آئے تو سورج نکلنے سے پہلے ہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل2یا3 باردہرانے سے جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں گی اور زمین کی نیچے کی نمی اوپر آجائے گی جو گندم کے اچھے اگائو کی ضامن ہوگی۔راؤنی کے بعد وتر آنے پر زمین کو2یا 3 دن کے لئے کراہ یاسہاگہ چلا کردبادیں اس سے ڈھیلے وغیرہ نہیں بنتے اسے رمبڑ کہتے ہیں رمبڑ کے بعددہرا ہل چلا کرسہاگہ دیں اور 8 سے 10 دن تک زمین کو یونہی رہنے دیں تاکہ جڑی بوٹیوں کے بیج اگ آئیں اوربعدازا ں بوائی کے لئے ہل چلا کر ان کو ختم کر دیں۔