آبی ذخائر کی تعمیر موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا پانی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

71

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پانی زندگی ہے، پینے کا صاف پانی ایک بنیادی حق ہے، حکومت کوشاں ہے کہ ہر شہری کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پانی خوراک کی فراہمی اور زراعت کےلئے اہم ترین ہے، 93 فیصد پانی زراعت کے شعبہ میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہیں آئندہ برسوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کا میٹھا پانی ہر سال سمندر میں گر کر ضائع ہو جاتا ہے، پانی بچانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کی تعمیر موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، گزشتہ 50 سالوں میں کسی حکومت نے آبی ذخائر کی تعمیر کو سنجیدگی سے نہیں لیا، کراچی شہر کو برسوں سے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کو پانی کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔