آج بھی قوم کو 8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد والے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ کا پیغام

136

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ قوم کے لئے آزمائش تھی اور قوم نے اس آزمائش کے وقت میں جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق 8 اکتوبر کےزلزلہ کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی تباہ کاریوں اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو ہم آج تک نہیں بھولے۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم 8 اکتوبر کی قدرتی آفت کے دوران اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 8 اکتوبر کے زلزلے کے دوران پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بے مثال قومی اتحاد اور یکجہتی نے متاثرین کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے ایک نیا حوصلہ اور عزم دیا۔انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں کے 80 ہزار سے زیادہ افراد شہید اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ متاثرین کی بحالی ایک مشکل مرحلہ تھا تاہم قومی اتحاد اور یکجہتی اور دوست ممالک کے تعاون سے بحالی کا یہ مشکل کام ممکن ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ آج بھی قوم کو 8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد والے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے جس طرح زلزلے جیسی بڑی آفت کا جانفشانی سے مقابلہ کیا، اسی طرح آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کو درپیش چیلنجز سے بھی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اللّه تعالی سے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کو ایسی آفات سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔