آج( جمعہ )سے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزیشن کی تنظیم "ہوپ” حج آپریشن کا آغاز کر رہی ہے ، حافظ طاہر محمود اشرفی

126

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):چیئرمین علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی تنظیم "ہوپ” کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں ،آج( جمعہ )سے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزیشن کی تنظیم "ہوپ” اپنے حج آپریشن کا آغاز کر رہی ہے ، اللہ نے ہر صاحب استطاعت مسلمان پر حج کو فرض قرار دیا ہے اس لئے سب کو حج کا ارادہ اور نیت کر لینی چاہئے ۔

جمعہ کو یہاں پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی تنظیم ہوپ کے چیئرمین ناصر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا شعار حاجی کی خدمت ہے اور ان کے لئے انتظامات میں بہتری لانا ہے ، سعودی عرب اور پاکستان کے قوانین کا ہم نے ہمیشہ احترام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 90 ہزار پرائیویٹ حجاج میں سے صرف 14 کی شکایات آئیں ،ہم اس کا بھی ازالہ کریں گے تاکہ آئندہ کوئی شکایت باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حج ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے اس لئے ہر صاحب استطاعت کو حج کی نیت اور ارادہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ سمیت وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری مذہبی امور کے شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی رہنمائی اورتعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج سے پرائیویٹ حج آپریشن شروع ہو گیا ہے ۔

حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ ہوپ کا جدہ میں اعلیٰ سطحی وفد موجود ہے جو حج کانفرنس میں ہوپ کے چیئرمین ناصر خان کی زیر قیادت شرکت کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب میں گزشتہ سالوں کی نسبت جلدحج انتظامات شروع ہو گئے ہیں ،کئی اسلامی ممالک حج انتظامات مکمل بھی کر چکے ہیں ،ہم تھوڑا تاخیر کا شکار ہیں لیکن توقع ہے کہ ہم تمام انتظامات مکمل کر لیں گے۔

چیئرمین ہوپ پاکستان ناصر خان نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے حج کے بہترین انتظامات کئے ،رواں سال بھی پاکستانی حجاج کو ہر قسم کی سہولت فراہم کریں گے،سعودی اور پاکستانی حکومت کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 80 فیصد پرائیویٹ حجاج 10 لاکھ روپے میں حج کریں گے۔