آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے، سردار مسعود خان

58

مظفر آباد۔17دسمبر (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق یہی وہ منزل ہے جس پر چل کر کشمیریوں نے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے ۔ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست ،الحاق پاکستان کے داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے ۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت و احترام سے منانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی ۔صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ قائد ملت نے اپنی فہم و فراست اور بے لوث قیادت سے ڈوگرہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی مسلمان قوم کو آزادی کا شعوردیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلمانان کشمیر کے لیے الگ سیاسی جماعت تشکیل دیکر ان کے حقوق کی پاسداری کا عزم چوہدری غلام عباس کا وہ کارنامہ ہے جو کبھی ذہنوں سے محو نہیں کیا جا سکتا ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی محبت بے مثال تھی یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر ہی دفن ہونے کی وصیت کی تھی۔