37.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومعلاقائی خبریںآج پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام سائنسدان، دفاعی ماہرین زبردست...

آج پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام سائنسدان، دفاعی ماہرین زبردست زبردست خراجِ تحسین کے مستحق ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

- Advertisement -

سیالکوٹ ،28 مئی (اے پی پی):یومِ تکبیر کے موقع پر سیالکوٹ کے ایک مقامی تعلیمی ادارے میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء، اساتذہ، مقامی معززین اور سماجی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب وطنِ عزیز نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ دن قومی غیرت، خودمختاری اور دفاعِ وطن کے جذبے کی علامت ہے۔ ہمیں اس دن کی اہمیت کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہے تاکہ وہ ملکی دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور موئثر کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے، جب ملک نے دشمن کے جارحانہ عزائم کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کامیاب ایٹمی تجربات کیے اور خود کو دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور عالم اسلام کی پہلی نیوکلیئر ریاست کے طور پر منوایا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمارے ایٹمی سائنسدانوں نے اپنی محنت جانفشانی، جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہو کر قومی وفاداری سے قوم کے دفاع کو ہر چیز پر مقدم جانا۔ یہ دن پاکستان کے لیے عزت، خودداری اور خودانحصاری کی جیت ہے۔

- Advertisement -

ہمیں آج بھی اسی جذبے، یکجہتی اور قومی وحدت کی ضرورت ہے تاکہ ہم اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ثابت قدمی سے کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف عسکری کامیابی کا دن ہے بلکہ یہ قومی خودداری، اتحاد اور قربانی کی علامت بھی ہے۔ ہمیں نئی نسل کو اس دن کی تاریخی، سائنسی اور قومی اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا تاکہ وہ وطن سے محبت اور اس کی حفاظت کا شعور حاصل کر سکیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم اور تحقیق کے میدان میں مہارت حاصل کریں تاکہ پاکستان علمی، سائنسی اور معاشی ترقی کے سفر میں دنیا کے شانہ بشانہ چل سکے۔

اس موقع پر انہوں نے ایٹمی سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے تمام سائنسدانوں، ماہرین اور دفاعی ماہرین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنکی بدولت 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاعی خودانحصاری کی ضمانت بن کر عالمی اُفق پر نمودار ہوا۔ یہ دن ان عظیم سائنسدانوں اور ماہرین کی محنت، قربانی اور حب الوطنی کا نتیجہ ہے جنہوں نے قوم کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان (مرحوم) سمیت تمام ایٹمی سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے خاموشی سے، وطن کی محبت میں سرشار ہو کر وہ کارنامہ سرانجام دیا جس پر پوری قوم آج بھی فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف ایک عسکری طاقت نہیں بلکہ ایک "ڈیٹرنس” (روک تھام کی قوت) ہے، جو دشمن کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔ یہ کامیابی کسی ایک فرد یا حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایٹمی سائنسدانوں کی خدمات کو قومی نصاب کا حصہ بنایا جائے اور ان کے نام سے تحقیقی ادارے قائم کیے جائیں تاکہ نئی نسل ان کے جذبے، افکار اور قربانیوں سے سبق حاصل کرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔

"تقریب کے اختتام پر یومِ تکبیر کے موقع پر وطنِ عزیز کی ترقی، سلامتی، استحکام اور ایٹمی سائنسدانوں و شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی۔ شرکاء نے قومی ترانے کے ساتھ وطن سے تجدیدِ وفا کا عہد کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602244

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں