اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ایمان، اتحاد اور تنظیم کے نظریات پر کاربند رہنے کی تلقین کرتا ہے ۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج جب ہم اپنی تاریخ کے ایک دوراہے پر کھڑے ہیں، ہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جو ہمارے اجتماعی عزم کا تقاضا کرتے ہیں، غربت کے خاتمے، جامع ترقی اور سماجی و اقتصادی مساوات کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ معاشی ترقی کے ثمرات کو مساوی طور پر تقسیم کیا جائے تاکہ ہر پاکستانی کو عزت اور احترام کی زندگی گزارنے کا موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو ایسی ٹھوس پالیسیوں کے ساتھ حل کرنا چاہیے جو اجتماعیت اور پائیدار ترقی کو فروغ دیتی ہیں اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہماری سلامتی اور ہمارے طرز زندگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہماری حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اپنی صفوں میں اتحاد، یگانگت اور غیرمتزلزل عزم پیدا کر کے ہم نہ صرف ثابت قدم رہ سکتے ہیں بلکہ چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک اور خطرہ ہے ، حالیہ سیلاب اور شدید موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہمارے ملک کے لئےخطرہ ہیں، یہ بہت اہم ہے کہ ہم پائیدار طریقوں کو اپنائیں، آب و ہوا کے لیے لچکدار انفراسٹرکچر بنائیں اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ قومی یکجہتی بحیثیت قوم ہماری طاقت کی بنیاد ہے، ہمیں تمام پاکستانیوں کے درمیان تعلق اور اتحاد کے احساس کو فروغ دینے کے لیے کام کرنا چاہیے، یہ واحد راستہ ہے جس سے ہم ایک مربوط معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ جب ہم یوم آزادی کا جشن منا رہے ہیں تو ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہمیں درپیش چیلنجز ناقابل تسخیر نہیں ہیں، ایک بہتر مستقبل کے لیے عزم اور مشترکہ وژن کے ساتھ، ہم ان رکاوٹوں کو دور کر کے ایک مضبوط، خوشحال اور انصاف پسند پاکستان بنا سکتے ہیں، آئیے مل کر اپنی قوم کی بہتری کے لیے کام کرنے کا عہد کریں تاکہ آنے والی نسلیں امن اور ہم آہنگی سے رہ سکیں۔