اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج کی بدلتی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں ہماری جوہری صلاحیت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے، پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا، آپریشن بنیان مَّرصوص کے تحت ہمارے نپے تلے اور موثر ردعمل نے دشمن کو اپنی معاندانہ کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کیا۔
صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یوم تکبیر کی 27 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم یہ دن ملکی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی یاد میں منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے ان سائنسدانوں، انجینئرز اور سول و فوجی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور لگن سے یہ کامیابی ممکن ہوئی، آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کردار کا بھی اعتراف کرتے ہیں جن کی سرپرستی میں ہمارا ایٹمی پروگرام مزید آگے بڑھا اور مضبوط ہوا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا بلکہ یہ طاقت کے ذریعے امن قائم رکھنے، جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن برقرار رکھنے اور کسی بھی بیرونی جارحیت سے قوم کی حفاظت کرنے کا ایک دانشمندانہ فیصلہ تھا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج کی بدلتی علاقائی سلامتی کی صورت حال میں ہماری جوہری صلاحیت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے، ہماری ایٹمی صلاحیت نہ صرف امن کی ضامن ہے بلکہ اس امر کو بھی یقینی بناتی ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن بنیان مَّرصوص کے تحت ہمارے نپے تلے اور موثر ردعمل نے دشمن کو اپنی معاندانہ کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے یوم تکبیر کے موقع پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602016