اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کے حالیہ دورہ آذربائیجان کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور اور نجکاری کے معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آذر بائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے ویڈیو لنک پر شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ آذربائیجان کے سرکاری ادارے پاکستان میں ” جی ٹو جی” طرز پر سرمایہ کاری اور اداروں کی نجکاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ مواصلات کے شعبے میں دو موٹرویز ایم 6 اور ایم 9 میں بھی آذربائیجان سے سرمایہ کاری زیر غور ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وسط ایشیائی ممالک سے سرمایہ کاری کے امور کو تیزی سے نمٹانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہوں اور آج کے اس فالو اپ اجلاس کا مقصد بھی اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینا ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 24 اور 25 دسمبر کو دونوں ممالک کے مابین ہونے والے جوائنٹ کمیشن کے اجلاس سے قبل اپنے سفارتخانہ کی جانب سے ہوم ورک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات کے تینوں شعبوں میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ جلد ہی ترکیہ، آذربائیجان اور ازبکستان کے سفیروں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تجارتی امور پر سینٹرل ایشیا کے ممالک پاکستان کے لئے مشرقی یورپ تک رسائی میں گیٹ وے ثابت ہو سکتے ہیں جس کے لئے ہمیں اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باکو آذربائیجان میں رواں ماہ ہونے والی کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی ہے۔
اجلاس میں نجکاری اور مواصلات کے محکموں کے وفاقی سیکرٹریز اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایات کی روشنی میں دو طرفہ امور کو تیزی سے نمٹانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ اجلاس کے دوران محکمہ کی جانب سے ایک فوکل پرسن کے تقرر کا بھی فیصلہ کیا گیا۔