اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):آذربائیجان کے بانی قومی رہنما اور مرحوم صدر حیدر علیوف کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام آذربائیجان کے سفارتخانے نے کیا تھا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سیفران اور مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود، سفارت کاروں، سول سوسائٹی کی نمائندہ شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، یہ تعلقات ہماری قدیم تاریخی روایات پر مبنی ہیں، اعلان آزادی کے بعد پاکستان آذربائیجان کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سرفہرست تھا۔ انہوں نے کہا کہ حیدر علیوف آذربائیجان اور پاکستان کے تعلقات کے معمار ہیں اور وہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتے تھے۔
حیدر علیوف نے اپنے دور اقتدار میں 9 سے 11 اپریل 1996 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، اس دورے کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے، حیدر علیوف کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے برادر ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اعلیٰ سطح پر تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے آذربائیجان کے قومی رہنما کی 100 ویں سالگرہ میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان نے 2023 کو حیدر علیوف کا سال قرار دیا ہے، اس اہم موقع کو آذربائیجان اور بیرونِ ملک بڑی شان سے منایا جا رہا ہے۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ ہر قوم میں باصلاحیت شخصیات ہوتی ہیں جو قومی آزادی اور آزادی کی تاریخ میں نجات دہندہ کا کردار ادا کرتے ہیں، حیدر علیوف کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں ہوتا ہے۔ حیدر علیوف نے آذربائیجان کی قیادت کی اور اس دوران ریاست کی آزادی کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حیدر علیوف آذربائیجان کے ایک دور اندیش قائد تھے جہنوں نے قومی شعور کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں آزادی کے بعد ان کی کوششوں کے نتیجے میں ملکی معیشت، صنعت، زراعت، تعلیم اور ثقافت میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئیں، ان کے دور اقتدار میں متعدد صنعتی، ثقافتی اور تعلیمی مراکز اور طبی ادارے تعمیر کیے گئے، بڑے پیمانے پر مکانات اور سڑکیں تعمیر کی گئیں اور دور دراز علاقوں میں گیس کی لائنیں بچھائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 جون 1993 کو حیدر علیوف کو سپریم کونسل آف آذربائیجان کا چیئرمین منتخب کیا گیا اور انہوں نے 24 جون کو جمہوریہ آذربائیجان کے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ 3 اکتوبر 1993 کو ہونے والے انتخابات میں وہ جمہوریہ آذربائیجان کے صدر منتخب ہوئے۔ سفیر نے کہا کہ حیدر علیوف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں افراتفری، انارکی، معاشی اور سیاسی مشکلات کا خاتمہ کیا۔
عظیم رہنما کی دانشمندانہ پالیسی کے نتیجے میں آذربائیجان میں تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا گیا اور آذربائیجان بین الاقوامی تعلقات میں ایک مضبوط پوزیشن کا حامل ملک بن گیا۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز پاکستان اور آذربائیجان کے قومی ترانوں سے کیا گیا، اس موقع پر تقریب کے شرکاءآذربائیجانی فنکاروں کی موسیقی سے مخظوظ ہوئے۔