لاہور۔26فروری (اے پی پی):کمانڈنٹ میجر جنرل سید عادل حسنین کی قیادت میں آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (AFPGMI) راولپنڈی کے وفد نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز و اکیڈمی کا دورہ کیا۔وفد کورس ڈائریکٹر بریگیڈیئر عائشہ ابو بکر مٹھا سمیت 36 رکنی افسران پر مشتمل تھا۔ترجمان کے مطابق دورے کا مقصد ادارے کے فنکشن، آپریشنز اور تربیتی پہلوئوں کو سمجھنے کے لئے جدید تصورات اور پری ہاسپٹل ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کی تکنیکوں کے بارے میں جاننا تھا۔
وفد نے میڈیکل اور ٹراما ایمرجنسیز، فائر و کیمیائی ایمرجنسیز مینجمنٹ،کولیپس سٹرکچر سرچ اینڈ ریسکیو، واٹر ریسکیو اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے قیام سے لے کر اقوام متحدہ سے انسراگ سرٹیفکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ زلزلے میں ریسپانس تک کے سفر پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے لاہور پاکستان میں بین الاقوامی ریسکیو چیلنج اور اقوام متحدہ انسراگ مشق کے انعقاد کا ذکر کیا، جس میں 23 ممالک اور30 ہیومین ٹیرین آرگنائزیشن سے 276 مندوبین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2004 سے اب تک ایمرجنسی سروسز نے 1 کروڑ 67 لاکھ سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا، 2,54,800 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کی اور 701 ارب روپے کے نقصانات کو بچایا۔
اسی طرح موٹربائیک ریسکیو سروس نے 31 لاکھ سے زائد ایمرجنسی کیسز میں اوسطا 4 منٹ میں ریسپانس سے ریسکیو سروسز فراہم کیں جبکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے پاکستان بھر میں 25,600 سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت فراہم اور تمام صوبوں کو تکنیکی و تربیتی معاونت بھی فراہم کر رہی ہے۔کمانڈ اینڈآرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور میجر جنرل سید عادل حسنین کی جانب سے لیفٹیننٹ کرنل کرم حسن نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اینڈ اکیڈمی میں پنجاب ایمرجنسی سروس کی مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے ریسکیو ٹیم کی جانب سے غیر معمولی سطح کی تربیت، خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاآج ہم نے دیکھا کہ عمل الفاظ سے زیادہ کس طرح بولتے ہیں، جان بچانے، ذہن بدلنے اور سیفٹی کو فروغ دینے کے مشن کو اس کی حقیقی روح میں دکھایا گیا تھا، ریسکیو ٹیم کی کارکردگی ہر لحاظ سے بے مثال ہے
،جس میں قابلیت، مہارت اور عمدگی کا مظاہرہ ہم سب کے لیے ایک انمول سبق ہے۔کرنل فیصل نے درخواست کی کہ ریسکیو کی پوری ٹیم کو ان کی تہہ دل سے تعریف، شکریہ اور تہنیتی پیغام پہنچایا جائے، ریسکیو ایمرجنسی کے فوری بعد پہنچ کر گولڈن ٹائم میں لوگوں کو ریسکیو سروسز فراہم کرتے اور زندگیاں بچاتے ہیں، ہمارا پورا کورس آپ کی مسلسل کامیابیوں کے لیے دعا گو ہے۔