آرمی سپر سٹارز نے آرمی پینتھرزکو شکست دے کر اسلامیہ کلب ٹیبل ٹینس چیمپیئنز لیگ جیت لی

67
9th Benazir Bhutto Shaheed
9th Benazir Bhutto Shaheed

کراچی۔30نومبر (اے پی پی):آرمی سپر سٹارز نے آرمی پینتھرزکو شکست دے کر اسلامیہ کلب ٹیبل ٹینس چیمپیئنز لیگ جیت لی، بیسٹ آف فائیو فائنل کے پہلے معرکہ میں حور فواد کو آحل شاہ سے تین ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آحل شاہ کی جیت کا اسکور11-02، 11-06، 11-08 اور 11-09 رہا۔ فیضان ظہور نے حائقہ حسن کو3-0 سے آئوٹ کلاس کیا ۔

فیضان ظہور نے حائقہ حسن کو 11-07، 11-07 اور 11-06 سے شکست دی۔ عبید شاہ نے کیف ریاض کو 3-0 سے شکست دی۔عبید شاہ نے 12-10 ، 11-05 اور 11-09 سے مقابلہ جیتا۔ فیضان ظہور نے آحل شاہ کے خلاف فتح سمیٹ کر آرمی سپر اسٹارز کوفاتح بنا دیا۔فیضان ظہور کو فتح کے لیے سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ فیضان نے 11-13، 11-08 ، 11-07، 07-11 اور11-08 سے میچ اپنے نام کیا۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اسلامیہ کلب میں کراچی بزنس گلڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ایونٹ آرمی سپر اسٹارز کے نام رہا۔ مہمان خصوصی کمشنر کراچی اقبال میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بزنس گلڈ کا یہ اقدام قابل تحسین ہے کہ انہوں نے کاروباری حضرات کے تعاون سے ایک بہترین ایونٹ منعقد کیا جس میں صرف شہر قائد نہیں بلکہ ملک بھر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

اقبال میمن نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، محدود وسائل کے باوجود انتظامیہ نوجوانوں کو ہر ممکن سہلویات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سے پہلے کراچی بزنس گلڈ کے سرپرست اعلی فرحان الرحمن اورصدر فراز الرحمن نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر فواد الرحمن نے بتایا کہ چار روزہ مقابلے انٹرنیشنل فارمیٹ کے تحت منعقد ہوئے جس میں لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں سے بھی کروائے گئے تاکہ نوجوانوں کے کھیل میں مزید بہتری آسکے۔ ایونٹ میں سائوتھ ایشئن گولڈ میڈلسٹ انٹرنینشل کوچ عارف خان ، نازو شکور، سیما شکور، عارف نا خدا ، معروف تاجرمرزا اختیار بیگ، ندیم معاذ جی، کرکٹ پروموٹر معیز زاہد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایونٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے۔