آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے 67ویں قومی سینئر ہاکی چیمپین شپ 12 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گی

90
Pakistan Hockey Federation
Pakistan Hockey Federation

راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف) کے زیر اہتمام 67ویں قومی سینئر ہاکی چیمپین شپ 12 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گی جس کے لیے ٹیکنیکل آفیشلز ، ایمپائرز اور سپورٹنگ سٹاف کا اعلان کر دیا گیا ہے۔پی ایچ ایف کے مطابق اولمپکس گولڈ میڈلسٹ و سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اولمپیئن حنیف خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے ،

فیض محمد فیضی کو ایمپائرز مینجر جبکہ لیفٹینٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر آرگنائزنگ سیکرٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے ، چیمپین شپ میں صوبہ پنجاب کی دو، سندھ کی دو، کے پی کے کی دو، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ایک، ایک ٹیم شرکت کرے گی جبکہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، ماڑی پیٹرولیم ، پاکستان واپڈا، پاکستان کسٹمز، پولیس، رینجرز، سوئی سدرن گیس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

پی ایچ ایف کے مطابق چیمپین شپ میں ملک بھر سے 220 صوبائی اور 220 ڈیپارٹمنٹل کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے ۔ان کی کارکردگی کی جانچ اور بہترین ٹیلنٹ کی کھوج کے لئے قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ کی قیادت میں موجود ہو گی۔ میگا ایونٹ کو ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف ایونٹ رولز کی روشنی میں منعقد کرانے کے لئے کہنہ مشق ٹیکنیکل آفیشلز اور ایمپائرز کو تعینات کیا گیا ہے۔