آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداہ ہمارا فخر ہیں،گورنر شاہ فرمان

155
پوری قوم کیلئے16دسمبر سانحہ اے پی ایس ایک دردناک دن تھا، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور۔16دسمبر (اے پی پی):گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداہ کی چھٹی برسی پر پیغام میں کہاکہ 16 دسمبر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے، سانحہ اے پی ایس پشاور میں ہمارے معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر انسانیت اورا من کے دشمن کو شکست دی۔شاہ فرمان نے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے شہداہ ہمارا فخر ہیں، شہدا کے والدین و لواحقین کے صبر و حوصلہ اور جذبہ کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشتگردی کیخلاف جنگ کے شہدا کی بدولت صوبہ میں امن قائم ہوا، خیبر پختونخوا دہشتگردی کے بہت برے حالات سے گزرا تھا’جس کے نتیجے میں ہمارے بچے، جوان، بزرگ سب نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر دہشتگردوں کا بلند حوصلے اور بہادری سے مقابلہ کیا، ہم سب نے جان کی قربانیاں دیکر اور متحد ہو کر دہشتگردوں کوعبرتناک شکست دی۔