آرمی پبلک سکول کے معصوم پھولوں کی عظیم اور لازوال قربانی نے پوری قوم کو یکجا اور متحد کیا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

50

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ‏ آرمی پبلک سکول کے معصوم پھولوں کی عظیم اور لازوال قربانی نے پوری قوم کو یکجا اور متحد کیا۔بدھ کوسانحہ آرمی پبلک سکول ڈے کے حوالے سے ایک پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پاکستان کی تاریخ کا وہ اندوہناک اور دلخراش سانحہ ہے جس کا غم آج بھی تازہ ہے۔اس دن کو ، پاکستانی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔‏ آرمی پبلک سکول کے معصوم پھولوں کی عظیم اور لازوال قربانی نے پوری قوم کو یکجا اور متحد کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‏آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں نے اپنے لہو سے وہ دیپ روشن کیے ،جن کے نور کی مدد سے پاکستانی قوم نے دہشتگردی جیسے ناسور کو شکست دی ۔آج پوری قوم ان معصوم بچوں سمیت شہدائے اے پی ایس کو سلام پیش کرتی ہے۔آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں، سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انشاء اللہ ان معصوموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہم دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے ۔