راولپنڈی۔29نومبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جمعہ کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان ہونے والی مشترکہ مشق وارئیر-8 کے شرکا سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو مشق کے دائرہ کار اور اس کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے مشق میں شریک جوانوں سے گفتگو کی اور پیشہ وارانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی جو مشترکہ مشق کے دوران دکھایا جا رہا ہے۔پاک چین مشترکہ مشق وارئیر-8 کا آغاز 19 نومبر 2024 کو ہوا تھا۔ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تین ہفتے طویل یہ مشق، سالانہ بنیادوں پر ہونے والی اس سلسلے کی آٹھویں مشق ہے۔این سی ٹی سی پبی آمد پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر راولپنڈ ی کور نےکیا۔