آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری

135

راولپنڈی ۔7دسمبر (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بدھ کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بعدازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، سیکیورٹی اور فارمیشن کے دیگر امور بشمول سندھ بالخصوص اندرون سندھ میں حالیہ قدرتی آفات کے دوران سول انتظامیہ کی مدد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور حالیہ سیلاب کے دوران سندھ کے لوگوں تک فوری پہنچنے پر فوج اور رینجر کے دستوں کی کاوشوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے صوبے خصوصاً میگالو پولیٹن شہر کراچی میں سکیورٹی اور محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے فارمیشن، متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔قبل ازیں کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔