راولپنڈی۔ 15 اگست (اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پربات چیت میں کورونا سے نمٹنے کے حکمت عملی اورپولیو مہم کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں، اس کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیموں،صحت عامہ اورقانون نافذ کرنے اداروں کے سر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں پولیومہم کیلئے سازگارماحول کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف بل گیٹس نے کورونا پر قابوپانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی بھی تعریف کی۔آرمی چیف نے کہا کہ کورونا کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، این سی او سی کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔ بل گیٹس اینڈ ملینڈا فاﺅنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج انسداد پولیو مہم میں کوششیں قابل تعریف ہیں۔ پاک فوج نے ہرجگہ انسدادپولیو مہم کی ٹیموں کی رسائی یقینی بنائی۔