راولپنڈی۔ 28 مارچ (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایتی جنگ کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ داخلی سکیورٹی آپریشنز میں کارکردگی پر اطیمنان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تجربے نے ہماری فوج کو ناقابل شکست اور آزمودہ بنا دیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور گریژن کا دورہ کیا ۔جہاں پر انھیں آپریشنل تیاریوں ‘جاری داخلی آپریشنز اور کور کے دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد ملک میں امن و استحکام لائے گا ۔آرمی چیف نے سکیورٹی آپریشنز کے دوران پاک فوج کے افسران اور نوجوانوں کی قربانیوں اور مثالی کارکردگی کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران ہمارا فخر ہیں۔قبل ازیں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاری سکیورٹی آپریشنز میں انکے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان فوج کی اصل قوت ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48199