آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ

71
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔23نومبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کور کی آپریشنل تیاریوں اور کورونا کے وبائی مرض کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے لاہور میڈیکل کالج لاہور کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا سنگ بنیاد رکھا۔ طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ لاہور میڈیکل کالج پاکستان میں ایک سرکردہ کالج کے طور پر ابھرا ہے اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور بی ایس (آنرز) میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی کی اعلیٰ صلاحیتوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ اپنے ملک اور انسانیت کی خدمت کے لیے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے کوششیں کریں۔ بعد ازاں آرمی چیف نے بیدیاں میں فارورڈ دستوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں مقامی فارمیشن کمانڈر نے بریفنگ دی۔ انہوں نے فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

افسروں اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کی سخت گیر فوج ہیں جس نے فرض شناسی میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ دورے کے دوران کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔