راولپنڈی۔13دسمبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل امور اور صوبے خصوصاً کراچی کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی جانب سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان (کے ٹی پی) پر عملدرآمد میں سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے بارے میں بھی بریف کیا گیا جس میں ایف ڈبلیو او، این ایل سی اور این ڈی ایم اے کی کراچی میں شہری سیلاب سے تحفظ اور متعلقہ شہری سہولیات کی بہتری کے لئے موجودہ انفراسٹرکچر میں بہتری کے لئے کوششیں بھی شامل ہیں۔
آرمی چیف نے کور کی آپریشنل تیاریوں اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے فارمیشن اور پاکستان رینجرز سندھ کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا جس کے باعث دہشت گردی اور جرائم کی شرح میں کمی آئی اور نتیجہ کے طور پر سماجی و معاشی سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام سٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی کی کوششوں کی تعریف کی۔ بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈ کوارٹرز سندھ پولیس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے میں سندھ پولیس کے اہم کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے سندھ پولیس شہدا کے اہلخانہ سے بھی بات چیت کی اور ان کی قربانیوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کی ہرممکن حمایت کا یقین دلایا۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔