راولپنڈی ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے 173 طلباءو اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بلوچستان کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنا مثبت کردار کرتے ہوئے اور ملک کی ترقی و قومی یکجہتی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے طلباءکو تاکید کی کہ وہ دشمن غیر ملکی ایجنسیوں کے تعاون سے پاکستان کے باہر سے بعض ریاست دشمن عناصر کی طرف سے کئے جانے والے ریاست مخالف پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور سخت محنت کریں اور منفی چیزوں سے دور رہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بہت ذہین اور قابل ہیں اور پاکستان کا مستقبل ان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے تعلیم کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم قومی مقاصد کے حصول کےلئے اپنا بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71563