اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر و پاکستان کے کنونیر غلام محمد صفی نے وفد کے ہمراہ کے پی کے ہاوس کا دورہ کیا اور یوم استحصال کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت سے تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
یہاں جاری بیان کے مطابق کے پی ہائوس آمد پر حریت کانفرنس کے وفد کا بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ کنونیر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی سمیت جنرل سکریٹری پرویز احمد ایڈوکیٹ، سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ، سید فیض نقشبندی ،اعجاز رحمانی،راجہ خادم حسین، شیخ عبدالمتعین،حسن البنا،محمد اشرف ڈار اور زاہد مشتاق نے اسلام آباد میں کے پی کے ہاوس کا دورہ کیا۔
پی ٹی آئی پاکستان نے حریت قائدین کا پر جوش استقبال کیا۔ملاقات میں کنونیر غلام محمد صفی نے کشمیر کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے5 اگست 2019 میں آرٹیکل 370 اور35 اے کی منسوخی جہاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے،وہیں عالمی برادری کیلئے کھلا چیلنج بھی ہےکیونکہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ متنازعہ عالمی مسئلہ ہے اور بھارت اس کی متنازعہ حیثیت کو تبدل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور بیرون دنیا اس دن کو یوم سوگ کے طور پر منائیں گے۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے رہنماوں نے کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری ظلم و بربریت، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی وزیراعظم نریند مودی کی طرف سے اٹھائے گئے تمام غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق پر مبنی حق خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ تھے اور رہیں گے اور حریت وفد کو یقین دلایا کہ بھارت سے آزادی کی اس جدوجہد میں پی ٹی آئی پاکستان اور پاکستانی 22کروڑ عوام آپ کی پشت پر کھڑی ہے۔پی ٹی آئی کی قیادت 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر بھر پر طریقے منائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490562